یمن میں امریکی کارروائی: 14 شدت پسند، ایک امریکی ہلاک


Shahzad Ahmed Posted on January 29, 2017

بی بی سی ،امریکی فوج کا کہنا ہے کہ امریکی کمانڈوز نے وسطی یمن میں القاعدہ کے گڑھ پر ریڈ کی ہے جس میں 14 شدت پسند ہلاک ہوئے ہیں جبکہ ایک امریکی فوجی ہلاک ہوا ہے۔

امریکی فوج کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اس کارروائی میں ایک امریکی فوجی زخمی بھی ہوا ہے۔

 

امریکی فوج نے بیان میں کہا ہے کہ اس کارروائی کی منظوری صدر ٹرمپ نے دی تھی۔

امریکی بیان میں کہا گیا ہے کہ الباعدہ صوبے میں کی جانے والی اس کارروائی میں کئی اپاچی ہیلی کاپٹروں نے حصہ لیا۔

اس کارروائی میں القاعہ کے تین رہنما ہلاک ہوئے ہیں۔ یہ کارروائی 45 منٹ جاری رہی جس میں شدت پسندوں اور امریکی کمانڈوز کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔

 

اس سے قبل مقامی ذرائع کا کہنا تھا کہ اس کارروائی میں 41 شدت پسند اور 16 عام شہری ہلاک ہوئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ الباعدہ صوبے میں ہونے والے اس حملے کی ابتدا ایک مکان پر کیے جانے والے فضائی حملے سے ہوئی۔ جس کے بعد ہیلی کاپٹرز کے ذریعے کمانڈوز اترے اور حملہ کیا گیا۔

اطلاعات ہیں کہ یہاں عسکریت پسندوں کے زیرِ استعمال ایک مسجد اور قریبی مکانات میں جھڑپیں ہوئیں۔

بتایا گیا ہے کہ مرنے والوں میں القاعدہ کا مقامی رہنما اور متعدد عورتیں اور بچے بھی شامل ہیں۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ اپنی نوعیت کی پہلی کارروائی ہے۔