پاکستان میں موجود تمام چینی باشندوں کی سکیورٹی پر نظر ثانی کا فیصلہ


Syed Rizwan Shamsi Posted on November 24, 2018

 اسلام آبادحکومت نے پاکستان میں موجود تمام چینی باشندوں کی سکیورٹی پر نظر ثانی کا فیصلہ کیا ہے۔  

رپورٹ کے مطابق حکومت نے پاکستان میں سی پیک اور دیگر پراجیکٹس پر کام کرنے والے تمام چینی باشندوں کی سکیورٹی مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔  وزارت داخلہ صوبائی حکومتوں کے ساتھ کوآرڈینیشن کرے گی جب کہ سکیورٹی پلان میں مقامی پولیس کا کردار بھی موثر بنایا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق چین کے تمام  پراجیکٹس کی سیکیورٹی کے لیے سرویلینس بڑھانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے، سی پیک اور دیگر منصوبوں پر کام کرنے والوں کی سکیورٹی اسکریننگ کروائی جائے گی۔

دوسری جانب پنجاب حکومت نے چینی شہریوں اور دیگر غیر ملکیوں کو اجنبیوں کے ساتھ سفر کرنے سے روکنے کے لیے فیصلہ کیا ہے، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ کی ہدایت پر پنجاب پولیس، سی ٹی ڈی ، اسپیشل برانچ، و دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر صوبہ بھر میں غیر ملکیوں اور قومی املاک و شخصیات کی سکیورٹی فول پروف بنانے کے احکامات از سر نو جاری کیے گئے ہیں، چینی شہریوں سمیت ، تمام غیر ملکیوں کی حفاظت کے پلان کو روزانہ کی بنیاد پر اپ گریڈ کیا جائے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ غیر ملکی شہریوں کی نقل و حمل کے حوالے سے رپورٹس مرتب کی جائیں، غیر ملکی شہریوں کو اجنبی لوگوں کے ساتھ سفر کرنے سے روکا جائے، اس بارے میں ان کو آگاہی دی جائے اور مختلف شعبوں سے وابستہ ملکی شخصیات کو بھی سکیورٹی ایس او پیز پر پابندی کا پابند بنایا جائے جب کہ سرکاری دفاتر میں آنے والے مہمانوں اور سائلین کو اصل قومی شناختی کارڈ دیکھے بغیر داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔